نئی دہلی، 15 دسمبر (آئی این ایس انڈیا) دہلی کی ایک عدالت نے آگسٹا ویسٹ لینڈ وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر منی لانڈرنگ کیس میں پراپرٹی بزنس کمپنی ایم آر ایم جی ایف کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر شرون گپتا کے خلاف جاری ناقابل ضمانت وارنٹ (این بی ڈبلیو) کو کالعدم قرار دینے سے انکار کردیا ہے۔
عدالت نے گپتا کی غیر قابل ضمانت وارنٹ منسوخ کرنے کی درخواست یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ اس میں طاقت نہیں ہے۔ 29 اگست کو گپتا کے خلاف وارنٹ جاری کیا گیا تھا کیوں کہ وہ سمن ملنے کے بعد بھی تحقیقات میں حصہ نہیں لے رہے تھے اور نت نئے بہانے سے تحقیقات سے بچنے کی کوشش کر رہے تھے۔ 5 دسمبر کو خصوصی جج اروند کمار نے اپنے حکم میں درخواست کو منسوخ کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار نے بہانے سے تفتیش سے بچنے کی کوشش کی تھی اور وہ سمن ملنے کے بعد بھی جانچ میں شریک نہیں ہوئے تھے۔
جج نے کہاکہ موجودہ سماعت کے دوران بھی درخواست گزار نے تحقیقات میں شامل ہونے کے لئے ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) کے سامنے پیش ہونے کا ارادہ ظاہر نہیں کیا۔ جب اس کی درخواست سماعت کے لئے رکھی گئی تو وہ بھی اس عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ اس سے صرف یہ ظاہر ہوتا ہے کہ درخواست دہندہ تفتیش میں تعاون کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ای ڈی کے مطابق، 1.24 کروڑ یورو کی رقم ماریشیس میں واقع انٹر سیلولر ٹیکنالوجی لمیٹڈ کو منتقل کی گئی تھی جو اس موجودہ معاملے میں منی لانڈرنگ کے لئے استعمال ہونے والی اہم رقم ہے۔